منیلا ،2جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلپائن کے دارالحکومت مینلا کے جنوب میں واقع ایک تفریحی علاقے کے ایک کیسینو میں ایک مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 36افراد ہلاک جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔فلپائنی حکام نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک شدگان میں بڑی تعداد ان افراد کی ہے جن کی ہلاکت کیسینو میں آگ لگنے کے بعد سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ہوئی۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصویروں میں عمارتوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔پولیس کے مطابق مشتبہ شخص نے فائرنگ اور ہوٹل کو آگ لگانے کے بعد خود کو بھی ایک کمرے میں بند کر لیا اور پٹرول چھڑک کر خود سوزی کرلی۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈاکہ زنی کا لگتا ہے اور اس میں دہشت گردی کا کوئی عنصر بظاہر نظر نہیں آرہا ہے۔مسلح پولیس کے دستے اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں ۔ ہوٹل نے ٹوئیٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ہوٹل بند ہے اور ہم اپنے مہمانوں اور کارکنوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے قومی پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔